لندن5جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سفاکیت اور دہشت گردی کے سبب معروف تنظیم داعش کے جنگجوؤں نے اپنی صورتوں کو تبدیل کرنے اور سکیورٹی اداروں کی آنکھوں سے محفوظ رہنے کے لیے ایک نئے طریقے کا سہارا لیا ہے۔ اس کے تحت تنظیم کے جنگجو ترکی میں ہیئر ٹرانسپلانٹ کے اداروں سے رجوع کرتے ہیں جو ملک بھر میں بڑی تعداد میں پھیلے ہوئے ہیں۔اس طریقہ کار کا انکشاف کچھ عرصہ قبل ترک سکیورٹی اداروں کے ہاتھوں داعش کے دو جنگجوؤں کی گرفتاری کے بعد ہوا جو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے۔ شام سے سرحد عبور کر کے ترکی آنے والے ان دونوں افراد کا مقصد ہیئر ٹرانسپلانٹ کرانا تھا تاکہ اپنی صورت اور حلیے کو تبدیل کر کے سکیورٹی اداروں کی آنکھوں میں دْھول جھونک سکیں۔برطانوی اخبار "دی سَن" کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں افراد Adnan Sutkovic اور Zulhajrat Seadini کے پاس جرمنی کی شہریت ہے۔ اپریل 2015 میں دونوں افراد نے شام میں لڑنے کے لیے سفر کیا تھا جس کے بعد انٹرپول نے دونوں افراد کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ترکی کے میڈیا کے مطابق دونوں افراد نے انقرہ میں ہیئر ٹرانسپلانٹ کروایا تھا۔ ترکی کی پولیس نے ان پر ایک دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے اور سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم دونوں افراد نے خود پر لگائے جانے والے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ داعش تنظیم کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور تنظیم کا نام صرف میڈیا کے ذریعے علم میں آیا۔پولیس کے سامنے دیے گئے بیان میں دونوں افراد کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو مدد پیش کرنے کے واسطے شام گئے تھے۔ واضح رہے کہ Adnan Sutkovic داعش تنظیم کی جانب سے کچھ عرصہ قبل جاری ہونے والی ایک وڈیو میں تنظیم کا پرچم تھامے نمودار ہوا تھا۔